امیٹھی، 2 ؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کو گروپ بندی سے باز آنے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لیے انہیں زمین پر اتر کر پارٹی کو گاؤں سے گھر تک مضبوط کرنا ہوگا۔اپنے پارلیمانی حلقہ امیٹھی کے تین روزہ دورے پر آئے راہل نے کل دیر رات تقریبا دو بجے تک تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ ملاقات کی۔اس ملاقات میں شامل کچھ لوگوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ راہل نے اسمبلی حلقہ وار تنظیم کے لوگوں سے بات کی اور ہدایت دی کہ گروپ بندی کرنے والوں کو اب باز آ جانا چاہیے۔پارٹی جسے بھی امیدوار بنائے، اس کو جتانے کے لیے کانگریس کے سبھی کارکنان پوری طاقت جھونک دیں۔راہل نے تنظیم سے وابستہ لوگوں سے کہا کہ ہمیں اپنی بات گھرگھر جا کر رکھنی ہوگی۔کانگریس کو گاؤں سے گھر تک مضبوط کرنا ہوگا، زمین پر اترکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران راہل نے امیٹھی سے کسی برہمن کو بھی الیکشن میں ٹکٹ دینے کے مطالبہ پرکہاکہ حالات کو دیکھ کر مناسب وقت پرفیصلہ لیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق راہل نے میٹنگ کے دوران الیکشن کی ہر حکمت عملی اورمسائل پر بات چیت کی اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ اپوزیشن پارٹیوں کی کیا حکمت عملی ہے۔راہل نے اپنے امیٹھی دورے کے تیسرے اور آخری دن آج کلکٹریٹ میں ضلع ویجلنس اور نگرانی کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی۔اس دوران بڑی تعداد میں آنگن باڑی کارکنوں نے ان کا قافلہ گزرنے کے راستے گوری گنج-جامو راستہ پر پہنچنے کی کوشش کی۔اپنی ملازمت کو مستقل کئے جانے کا مطالبہ کر رہی آنگن باڑی کارکنوں کو پولیس نے راہل کے قافلے کے راستے پر جانے سے روک دیا۔اس پر ان کی پولیس سے شدید جھڑپ ہوئی۔راہل کا قافلہ گزرنے کے دوران ناراض خواتین نے راہل مخالف نعرے بھی لگائے۔راہل نے آج منشی گنج گیسٹ ہاؤس میں کسی سے ملاقات نہیں کی، جس سے فریادیوں کو واپس لوٹنا پڑا۔راہل ضلعویجلنس اور نگرانی کمیٹی کی میٹنگ کے بعددہلی روانہ ہو گئے۔